• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسحاق ڈار کی بیلاروسی ہم منصب سے ملاقات، علاقائی امن پر اتفاق

---فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
---فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا 

شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے موقع پر چولپون آٹا میں نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے بیلاروس کے وزیرِ خارجہ مسٹر میکسم ریزنکوف سے ملاقات کی۔ 

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بیلاروس کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں پاکستان اور بیلاروس کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے 9 ویں اجلاس کے انعقاد کا خیر مقدم کیا گیا جو 11 تا 12 اگست کو اسلام آباد میں منعقد ہو گا۔

دونوں فریقوں نے اعلیٰ سطح کے باہمی تبادلوں کو جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

ترجمان کے مطابق ملاقات میں اقتصادی، تجارتی، دفاعی، زرعی، ٹیکنالوجی اور افرادی قوت کے تبادلے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا جبکہ جامع تعاون کے روڈ میپ پر عمل درآمد کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی گفتگو کی۔ 

اس موقع پر بیلاروس کے وزیرِ خارجہ نے امریکا اور ایران کی صورتحال کے دوران مذاکرات کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

قومی خبریں سے مزید