• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزاد کشمیر: میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں انتخابی مہم آج ختم، پولنگ کی تیاریاں مکمل

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے پہلے مرحلے کے انتخابات کے لیے تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں جبکہ میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع کے 13 انتخابی حلقوں میں انتخابی مہم آج رات 12 بجے ختم ہو جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 حلقوں کے لیے انتخابی سامان کی ترسیل کل سے شروع ہوگی۔ 

ان حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 14,01,439 ہے جن میں 7,25,118 مرد اور 6,75,628 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 2,454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں ضلع میرپور کے 4 حلقوں میں 597، ضلع کوٹلی کے 6 حلقوں میں 1,107 اور ضلع بھمبر کے 3 حلقوں میں 608 پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔

میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی سمیت مختلف جماعتوں اور آزاد حیثیت سے مجموعی طور پر 296 امیدوار میدان میں ہیں۔

ایس پی خرم اقبال کے مطابق ضلع میرپور کی 4 نشستوں پر انتخابات کے لیے 5,000 اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر غلام مصطفیٰ مغل نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور بیلٹ پیپرز سمیت تمام انتخابی سامان متعلقہ مقامات پر پہنچا دیا گیا ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ انتخابات کے دوران فوج کے ساتھ پولیس، ایف سی اور رینجرز بھی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

غلام مصطفیٰ مغل نے ووٹرز سے اپیل کی کہ وہ بلا خوف و خطر پولنگ اسٹیشن پہنچ کر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں۔ 

انہوں نے واضح کیا کہ ووٹ ڈالنے کے لیے اصل شناختی کارڈ لازمی ہوگا، تاہم اگر شناختی کارڈ کی مدت ختم ہو چکی ہو تو سابقہ شناختی کارڈ دکھا کر بھی ووٹ ڈالا جا سکے گا۔

قومی خبریں سے مزید