دوسرے ون ڈے میں سری لنکا ویمن ٹیم نے پاکستان ویمن ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کرلی، سری لنکا کی جانب سے دو بیٹرز نے سنچری اسکور کرکے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔
ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹ پر 273 رنز بنائے، صدف شمش 12 اور گلفروزہ 27 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔
سدرا امین اور عائشہ طفر نے ٹیم کی پوزیشن مضبوط کی، سدرا امین نے 120 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے سنچری اسکور کی، عائشہ ظفر 49 اور منیبہ علی نے 45 رنز بنائے۔ یوں پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 273 رنز بنائے۔
جواب میں سری لنکن ویمن ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا، کپتان چماری اتاپتو ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئیں، اس کے بعد وشمی گونا رتنے اور ہرشیتا سامارا وکرما دوسری وکٹ کی شراکت میں 203 رنز بناکر ٹیم کو جیت کے قریب لے گئیں۔
وشمی گونا رتنے نے 123 رنز بنائے جس میں ایک چھکا اور 11 چوکے شامل تھے، ہرشیتا وکرما نے ناقابل شکست 100 رنز بنائے، سری لنکا ویمن ٹیم نے ہدف 47 ویں اووور میں پورا کرلیا۔
تین ون دے میچوں پر مشتمل سیریز ایک ایک سے برابر ہے، سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن ون ڈے 31 جولائی کو دمبولا میں کھیلا جائے گا۔