بھارت میں سابق وفاقی وزیر کی بیٹی نے اسٹیٹ بینک کے برانچ منیجر کو تھپڑ مار دیا، جس پر اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
بھارتی شہر چنئی میں سابق مرکزی وزیر ایم کے الاگیری کی بیٹی کیال وِزہی کے خلاف اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے برانچ منیجر کو مبینہ طور پر تھپڑ مارنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے، جس میں کیال وِزہی ایک شخص کے ہمراہ بینک منیجر سے گفتگو اور بحث کرتی نظر آتی ہیں۔ بحث کے دوران وہ اچانک اپنی نشست سے اٹھ کر منیجر کو تھپڑ مار دیتی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد بینک کے چیف منیجر کی شکایت پر کیال وِزہی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کو بھی شواہد کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق تنازع اس وقت شروع ہوا جب ایس بی آئی کی ادیار برانچ کے منیجر نے کیال وِزہی سے اس تجارتی عمارت میں خراب لفٹ کی مرمت کا مطالبہ کیا، جہاں بینک کا دفتر قائم ہے اور جس کی وہ مالک ہیں۔ اسی معاملے پر تلخ کلامی کے بعد مبینہ طور پر منیجر پر حملہ کیا گیا۔
پولیس نے واقعے کے سلسلے میں قانون کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔