• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیجیٹل اور فری لانسنگ کے شعبے میں خواتین کی شمولیت مردوں سے 50 فیصد کم

اسلام آباد (قاسم عباسی) ڈیجیٹل اور فری لانسنگ کے شعبے میں خواتین کی شمولیت مردوں سے 50فیصد کم، رپورٹ؛ فری لانسنگ میں مردوں کی شرکت75سے 80فیصد جبکہ خواتین کی شرح صرف 20سے25فیصد تک محدود۔ تفصیلات کے مطابق مشال پاکستان کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین "پاکستان فریڈم رپورٹ" کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں خواتین کو ڈیجیٹل شعبے میں شدید عدم مساوات کا سامنا ہے۔ فری لانسنگ اور معاشی سرگرمیوں میں ڈیجیٹل شرکت کے حوالے سے مردوں اور خواتین کے درمیان 50 فیصد سے زائد کا نمایاں فرق موجود ہے۔ ان نتائج کے مطابق، جہاں تقریباً 75 سے 80 فیصد مرد جواب دہندگان فری لانسنگ اور ڈیجیٹل کاموں میں حصہ لیتے ہیں، وہیں خواتین کی شرکت کی شرح بہت کم ہے اور یہ صرف 20 سے 25 فیصد تک محدود ہے۔ وسیع تر ڈیجیٹل رسائی کے اشاریوں کے مطابق، خواتین کے ذاتی موبائل فون یا اسمارٹ فون رکھنے، باقاعدگی سے انٹرنیٹ استعمال کرنے، یا ڈیجیٹل پلیٹ فارمز تک مؤثر رسائی حاصل کرنے کے امکانات مردوں کے مقابلے میں تقریباً 20فیصد کم ہیں۔ ڈیجیٹل اشاریوں کے تفصیلی تجزیے سے ظاہر ہوتا ہے کہ موبائل فون رکھنے کی شرح مردوں میں 85فیصد ہے، جبکہ خواتین میں یہ شرح 65فیصد ہے، یعنی دونوں کے درمیان 20فیصد پوائنٹس کا فرق موجود ہے۔ اسمارٹ فون رکھنے کی شرح مردوں میں60 فیصد ہے، جبکہ خواتین میں یہ شرح 35 سے 40 فیصد کے درمیان ہے، جس سے دونوں کے درمیان 20 سے 25 فیصد پوائنٹس کا فرق ظاہر ہوتا ہے۔

اہم خبریں سے مزید