کراچی(این این آئی) محکمہ موسمیات نے کراچی میں آئندہ 3 روز کے دوران موسم سے متعلق پیش گوئی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں اتوار اور پیر کو مطلع زیادہ تر ابر آلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر اور شام کے اوقات میں آندھی کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان، سندھ کے مختلف اضلاع میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ ہوا کا شدید کم دباؤ (ڈپریشن) کمزور ہو کر ہوا کے کم دباؤ میں تبدیل ہو چکا ہے اور اس وقت جنوب مشرقی راجستھان (بھارت) پر موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس موسمی نظام کے باعث بحیرۂ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں مسلسل ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کر رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا ہے کہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ بھی شمالی علاقوں پر اثر انداز ہے، جس کے مزید شدت اختیار کرنے اور ملک کے بالائی و وسطی علاقوں کے بیشتر حصوں کو متاثر کرنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون سسٹمز کے زیر اثر دیہی سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کی توقع ہے، جب کہ بعض اضلاع میں تیز بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔