سوات (نمائندہ جنگ) سوات، کبل پولیس اسٹیشن پر امن ریلی کے قریب خودکش حملہ، 5اہلکاروں سمیت15افراد شہید، 20زخمی، خودکشحملہ آور پولیس کمپاؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا،ڈیوٹی پر تعینات پولیس جوانوں نے مرکزی گیٹ پر ہی روک لیا، خودکش حملہ آور نے خود کووہیں دھماکے سے اڑا لیا، سوات میں کبل پولیس اسٹیشن کے مرکزی گیٹ پر اتوار کی شام اس وقت خود کش دھماکہ کیا گیا جب تھانے کے قریب کبل چوک میں اولسی پاسون کی جانب سے امن کے لئے مظاہرہ کیا جارہا تھا۔ آر پی او ملاکنڈ ڈویژن سید فدا حسن شاہ کے مطابق دھماکے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 13افراد شہید ہوئے ہیں جبکہ 14 پولیس اہلکاروں سمیت 20 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈڈویژن سید فدا حسن شاہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ خودکش حملہ آور پولیس کمپاؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا تاہم ڈیوٹی پر تعینات پولیس جوانوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے مرکزی گیٹ پر ہی روک لیا۔ اس دوران خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس سے زور دار دھماکہ ہوا اور جانی نقصان پیش آیا۔ آر پی او کے مطابق کمپاؤنڈ میں کبل پولیس اسٹیشن، پولیس لائن کبل، سہولت مرکز اور دیگر اہم سرکاری دفاتر قائم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حملے میں شہید ہونے والوں میں 5 پولیس اہلکار اور 8 شہری شامل ہیں، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں کبل اور سیدو شریف اسپتال میں منتقل کر دیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔واقعے کے بعد پولیس، بم ڈسپوزل یونٹ، ریسکیو 1122 اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ حملے کی تحقیقات مختلف پہلوؤں سے جاری ہیں اور پولیس نے ملزمان اور ان کے سہولت کاروں تک پہنچنے کے لیے کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ دوسری جانب شہدا کی میتیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کے بعد ضروری قانونی کارروائی بھی جاری ہے۔۔گورنر فیصل کنڈی ، ،وزیراعلی سہیل آ فریدی اور وزیر دا خلہ محسن نقوی نے واقعےکی پرزورمذمت کی ہے اور کہا کہ شہدا ء کا خون رائیگا ں نہیں جائےگا ۔