چین میں 24 سالہ خاتون کے چہرے کی ساخت کاسمیٹک سرجری کے دوران مبینہ طبی غفلت کے باعث شدید متاثر ہو گئی۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق خاتون نے جبڑے کی معمولی خرابی درست کروانے کے لیے ووہان یونیورسٹی ڈینٹل اسپتال سے رجوع کیا تھا، خاتون کے جبڑے میں تقریباً 2 ملی میٹر کا معمولی ابھار تھا، تاہم سرجری کے دوران مبینہ طور پر جبڑے کو مزید 13 ملی میٹر باہر کی جانب دھکیل دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق اس مبینہ غلطی کے نتیجے میں خاتون کے چہرے کی ساخت نمایاں طور پر تبدیل ہو گئی، جس کے بعد انہوں نے اسپتال کی مبینہ غفلت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سرجری کے دوران استعمال ہونے والی ایک دھاتی سوئی سے خاتون کے ایک دانت کی جڑ کو بھی نقصان پہنچا، اس کے علاوہ ناک کی ہڈی ٹیڑھی ہونے کے باعث انہیں ناک سے سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
خاتون کے مطابق سرجری پر 55 ہزار امریکی ڈالرز سے زائد رقم خرچ کی، تاہم اب چہرے اور جبڑے کی ساخت کو بحال کرنے کے لیے مزید کئی مراحل سے گزرنا پڑ سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق خاتون کے چہرے اور جبڑے کو ممکنہ طور پر درست حالت میں لانے کے لیے مزید طبی کارروائی میں کم از کم 5 سال لگ سکتے ہیں، جبکہ اس پر 2 لاکھ امریکی ڈالرز سے زائد مزید اخراجات آنے کا امکان ہے۔