امریکی انجینئرنگ کے کم عمر ماہر نیتھن تھامس نے 306 سال پرانا گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑتے ہوئے دنیا کے کم عمر ترین مرد پروفیسر کا اعزاز حاصل کر لیا، جس کے بعد ان کا موازنہ مشہور ٹی وی سیریز ’دی بگ بینگ تھیوری‘ کے ذہین کردار شیلڈن کوپر سے کیا جا رہا ہے۔
نیتھن تھامس نے صرف 18 سال اور 346 دن کی عمر میں میامی ڈیڈ کالج میں انجینئرنگ کے پروفیسر بن کر یہ ریکارڈ قائم کیا، ان سے قبل یہ ریکارڈ اسکاٹ لینڈ کے ریاضی دان کولن میک لارن کے پاس تھا، جنہوں نے 1717ء میں 19 سال کی عمر میں پروفیسر کا عہدہ حاصل کیا تھا۔
نیتھن نے صرف 10 سال کی عمر میں اپنی تعلیم کا آغاز غیر معمولی رفتار سے کیا اور میامی ڈیڈ کالج میں 2 کورسز میں داخلہ لیا، 14 سال کی عمر میں انہوں نے فلوریڈا انٹرنیشنل یونیورسٹی میں داخلہ لے لیا۔
18 سال کی عمر تک نیتھن نے فلوریڈا انٹرنیشنل یونیورسٹی سے الیکٹریکل انجینئرنگ میں بیچلرز اور ماسٹرز کی ڈگریاں اعلیٰ اعزاز کے ساتھ حاصل کر لیں۔
اگست 2023ء میں وہ اسی میامی ڈیڈ کالج میں بطور پروفیسر واپس آئے، جہاں انہوں نے اپنی عمر کے قریب طلبہ کو کمپیوٹنگ اور پروگرامنگ کی تعلیم دینا شروع کی۔
جب نیتھن سے پوچھا گیا کہ کیا اپنی عمر کے ساتھی طلبہ کے درمیان پڑھانے میں انہیں کسی مشکل کا سامنا ہوا تو انہوں نے جواب دیا کہ کلاس روم میں عمر کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی، سب وہاں سیکھنے کے لیے موجود ہوتے ہیں، بس یہی بات ہے، عمر درمیان میں نہیں آتی، دوسروں کو پڑھانے کے دوران میں خود بھی بہت کچھ سیکھتا ہوں۔
21 سالہ نیتھن نے ریکارڈ قائم کرنے کے باوجود اپنی تعلیمی سرگرمیاں نہیں روکیں، وہ اب بھی آن لائن تدریس سے وابستہ ہیں اور ساتھ ہی یونیورسٹی آف میامی سے قانون کی ڈگری حاصل کر رہے ہیں۔