محققین نے دریافت کیا ہے کہ انسان کے بہترین دوست سمجھے جانے والے کتے لوگوں کے چہروں پر موجود مختلف جذباتی کیفیت میں فرق کرسکتے ہیں۔
ویانا یونیورسٹی کے محققین کے مطابق سیل پریس کے جریدے آئی سائنس میں شائع ہونے والی یہ تحقیق اس صلاحیت کے حوالے سے اب تک کا پہلا سائنسی ثبوت ہے۔
یونیورسٹی نے منگل کو جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ تحقیق کے دوران مشین لرننگ کی مدد سے 12 کتوں کے دماغ کے اسکینز کا تجزیہ کیا گیا۔ اس دوران کتوں کو ایسے انسانی چہروں کی تصاویر دکھائی گئیں جن پر مختلف جذبات کا اظہار کیا گیا تھا۔
محققین کے مطابق یہ پہلا ثبوت ہے کہ کتے چہروں پر ظاہر ہونے والے مخصوص منفی جذبات میں بھی فرق کرسکتے ہیں۔
تحقیق کی مرکزی مصنفہ نے کہا کہ کتے ہمارے ساتھ ارتقائی عمل سے گزرے ہیں تاکہ ہمارے تاثرات کو سمجھ سکیں اور ہمارے ساتھ تعاون کرسکیں اور اس بات کو تسلیم کرنا ہمارے ان سے رابطے اور ان کی دیکھ بھال کے طریقے کو تبدیل کرسکتا ہے۔
محققین کا اگلا ہدف یہ جانچنا ہے کہ کتے اپنے اردگرد موجود انسانوں کو سمجھنے کے لیے دیگر اشاروں، جن میں جسمانی حرکات، آواز کے اتار چڑھاؤ اور خوشبو شامل ہیں، کو کس طرح یکجا کرتے ہیں۔
محققین نے واضح کیا کہ مطالعے میں شامل تمام کتے خاندانوں کے پالتو جانور تھے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ایسے ماحول سے باہر پلنے والے کتے انسانی جذباتی اشاروں پر مختلف انداز میں ردِعمل دے سکتے ہیں۔