• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیسلا نے 2025 میں مسک کو اوسط ملازم سے 25 لاکھ گنا زیادہ معاوضہ دیا

کراچی (نیوز ڈیسک) ٹیسلا نے 2025میں مسک کو اوسط ملازم سے25لاکھ گنا زیادہ معاوضہ دیا۔440کھرب روپے تنخواہ غیر معمولی قرار، اعلیٰ کمپنیوں میں سی ای او اور ملازمین کی آمدن کا فرق مزید بڑھ گیا۔ گارڈین کی رپورٹ کے مطابق امریکی ٹیکنالوجی ارب پتی ایلون مسک نے 2025 میں ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو کی حیثیت سے کمپنی کے اوسط ملازم کے مقابلے میں 25 لاکھ گنا سے بھی زیادہ معاوضہ حاصل کیا۔ امریکی مزدور یونینوں کی سب سے بڑی تنظیم اے ایف ایل سی آئی او کی رپورٹ کے مطابق مسک کا 158.3 ارب ڈالر( 440 کھرب روپے ) کا معاوضہ غیر معمولی تھا اور اس نے بڑی امریکی کمپنیوں میں سی ای اوز اور ملازمین کی تنخواہوں کے بڑھتے ہوئے فرق کو نمایاں کردیا۔ رپورٹ کے مطابق مسک کو الگ رکھنے پر ایس اینڈ پی 500 کی بڑی کمپنیوں میں سی ای او اور ملازم کی اوسط آمدن کا تناسب 312 گنا رہا، جو 2024 میں 285 گنا تھا۔ مسک کو شامل کرنے پر یہ تناسب بڑھ کر 5,387 گنا ہوگیا۔ رپورٹ کے مطابق 2025 میں مسک نے اتنا معاوضہ ہر 4.23 سیکنڈ میں حاصل کیا جتنا ٹیسلا کے ایک عام ملازم کو ملتا ہے۔ مسک کے بغیر سی ای اوز کا اوسط سالانہ معاوضہ 22.8 ملین ڈالر رہا، جو 2024 میں 18.9 ملین ڈالر تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی قومی آمدن میں کارکنوں کا حصہ دوسری جنگ عظیم کے بعد کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید