• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسکرین شاٹس لینا یادداشت کمزور کر سکتا ہے: نئی تحقیق

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ کسی معلومات، تصویر یا اہم چیز کو یاد رکھنے کے لیے اس کی تصویر یا اسکرین شاٹ لینا بعض اوقات اسے بعد میں یاد کرنے کی صلاحیت کو کمزور کر سکتا ہے۔

امریکا کی بنگہیمٹن یونیورسٹی کے شعبۂ نفسیات سے وابستہ محققین کے مطابق جو افراد کسی معلومات کی تصویر بناتے ہیں، ان کے لیے اس کی تفصیلات یاد رکھنا ان افراد کے مقابلے میں زیادہ مشکل ہو سکتا ہے جو صرف اسے دیکھتے ہیں۔

محققین نے اس رجحان کو ’فوٹو ٹیکنگ امپیئرمنٹ ایفیکٹ‘ قرار دیا ہے، یہ تحقیق طبی جریدے میموری اینڈ کوگنیشن میں شائع ہوئی ہے۔

تحقیق کے مطابق فون میں کسی تصویر کو محفوظ کر لینا لازماً یادداشت کو مضبوط نہیں کرتا۔

 ماہرین کا کہنا ہے کہ تصویر کھینچنے کے بعد اگر اسے دوبارہ نہ دیکھا جائے تو اس میں موجود تفصیلات بھولنے کا امکان بڑھ سکتا ہے۔

تحقیق کی مرکزی مصنفہ اور بنگہیمٹن یونیورسٹی کی ڈاکٹریٹ کی طالبہ صوفیہ فیبریزیو کے مطابق تصویر بنانے والے افراد بعد میں معلومات کی تفصیلات بھولنے کا زیادہ امکان رکھتے ہیں، خصوصاً جب وہ محفوظ کی گئی تصاویر کو دوبارہ نہیں دیکھتے۔

محققین کے مطابق اسمارٹ فونز میں اب ہزاروں تصاویر محفوظ ہوتی ہیں اور روزانہ مزید تصاویر اس ذخیرے میں شامل ہوتی رہتی ہیں، اگرچہ پرانی تصاویر کو دوبارہ دیکھنا یادیں تازہ کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے، تاہم صرف تصویر بنا کر اسے فون کی گیلری میں چھوڑ دینا وہی فائدہ فراہم نہیں کرتا۔

محققین نے اس اثر کا جائزہ لینے کے لیے 7 مختلف تجربات کیے، ان تجربات میں شرکاء کو فن پارے دکھائے گئے اور انہیں ان کی تصاویر لینے کے بعد ان سے متعلق تفصیلات یاد کرنے کو کہا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جن شرکاء نے خود تصاویر بنائیں، وہ بعد میں ان معلومات اور تفصیلات کو یاد رکھنے میں نمایاں طور پر کم کامیاب رہے۔

محققین کے مطابق ممکن ہے کہ تصویر بنانے کا جسمانی اور ذہنی عمل ہی یادداشت کو کمزور کرنے میں کردار ادا کرتا ہو۔

تحقیق کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ کیمرہ اور اسکرین شاٹس معلومات کو بعد میں دیکھنے کے لیے محفوظ رکھنے میں ضرور مددگار ہیں، تاہم اگر انسان ان پر توجہ دینے کے بجائے مکمل طور پر انحصار کرے تو اس کا اثر یادداشت پر پڑ سکتا ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید