پشاور (ارشد عزیز ملک )خیبر پختونخوا حکومت نے سوات کے علاقے بریکوٹ میں ارشد شریف انسٹی ٹیوٹ آف جرنلزم اینڈ ماس کمیونیکیشن کے قیام کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔سرکاری منصوبے کی تفصیلات کے مطابق صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی (PDWP) نے اس منصوبے کی منظوری 10 اگست 2026 کو دی۔ منصوبے کی تخمینہ لاگت ایک ارب 42 کروڑ 80 لاکھ روپے ہے۔انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لیے بریکوٹ، سوات میں 160 کنال سرکاری اراضی مختص کی گئی ہے۔منصوبے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر صادق خٹک نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ کے قیام سے طلبہ اور نوجوان صحافیوں کو صحافت اور ماس کمیونیکیشن کے شعبے میں معیاری تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور تحقیق کے مواقع میسر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ ادارے کا نام معروف و مرحوم صحافی ارشد شریف سے منسوب کرنا ان کی صحافتی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کی ایک کوشش ہے۔