لاہور /کراچی (نیوز ڈیسک/نمائندہ خصوصی) پٹرولیم لیوی کیخلاف جماعت اسلامی کے دھرنے جاری، احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر غور،امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے چیئرنگ کراس مال روڈ پر دھرنے کے مقام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکمران اپنی مراعات کم کریں، 11اور 12ربیع الاوّل کو دھرنوں کے مقامات پر سیرت کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی جبکہ ستمبر کے پہلے ہفتہ میں ہڑتال ہوگی، حافظ نعیم الرحمن نے حکومت کو خبردارکرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ختم نہ کی گئی اور عوام کو حقیقی ریلیف نہ دیا گیا تو جماعت اسلامی احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے سڑکوں پر بیٹھ جائے گی، قائم مقام سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ، امیر لاہور ضیاالدین انصاری ، امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری اور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی بھی اس موقع پر موجود تھے۔دوسری جانب نائب امیر جماعتِ اسلامی، مجلسِ قائمہ سیاسی قومی اُمور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہآئی پی پیز کے ناجائز معاہدے ختم کیے جائیں، مہنگائی، بےروزگاری، لاقانونیت، ناانصافی عوام کےلئے ذلّت و تباہی بن گئی ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی فوری ختم کرے اور جماعت اسلامی کے مطالبات تسلیم کرے۔