ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس برآمد ہوگئے۔
کراچی میں عید میلاد النبی ﷺ کا مرکزی جلوس دن ڈھائی بجے شہید مسجد کھارادر سے برآمد ہوا۔
کراچی میں انجمن محمدیہ کے زیرِ اہتمام شاہ فیصل کالونی سے عید میلاد النبی ﷺ کا جلوس برآمد ہوا۔
جلوس کا آغاز جامع مسجد قادریہ، شاہ فیصل کالونی نمبر 5 سے ہوا۔
جلوس شاہ فیصل کالونی کے مختلف راستوں سے ہوتا ہوا کالونی گیٹ عیدگاہ گراؤنڈ پر اختتام پذیر ہوگا۔
لاہور میں مرکزی جلوس ریلوے اسٹیشن چوک سے نکلے گا، لاہور ریلوے اسٹیشن پر خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔
راولپنڈی میں مرکزی جلوس تاریخی راستوں پر رواں دواں ہے، جلوس اقبال روڈ اور بوہڑ بازار سے ہوتا ہوا جامع مسجد روڈ پر اختتام پذیر ہوگا۔
شکرگڑھ میں شہریوں کے لیے جگہ جگہ لنگر اور نیاز کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
کمالیہ میں 150پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا گیا جبکہ سکھر، حیدر آباد، نواب شاہ، لاڑکانہ، خیرپور، سانگھڑ، ٹنڈوالہ یار میں جشن ولادت ﷺ منایا گیا۔
پڈعیدن اور ٹنڈو محمد خان سمیت سندھ کے شہروں میں عید میلاد النبی ﷺ کی تقریبات منعقد کی گئیں۔
ملتان، فیصل آباد، رحیم یار خان، بہاولنگر، بہاولپور، سرگودھا میں بھی عید میلاد النبی ﷺ کا جشن منایا گیا۔
پنجاب کے کئی شہروں میں جشن عید میلاد النبیﷺ کی مناسبت سے ریلیاں نکالی گئیں۔
بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی عید میلاد النبی ﷺ کی تقریبات ہوئیں۔
خاتم النبیین حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کے یوم ولادت کی مناسبت سے تھر پارکر کی تحصیل ننگر پارکر میں اونٹوں پر ریلی نکالی گئی۔
سکھر میں مشعل بردار ریلی، سرگودھا اور ملتان میں شب عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں نجی و سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں اور بازاروں کو جھنڈیوں سے سجا دیا گیا۔
شہری اپنے بچوں اور خواتین کے ساتھ جشن آمد رسول میں شرکت کے لیے گھروں سے نکل آئے، مساجد میں درود و سلام اور ذکر و اذکار کی خصوصی محافل کا انعقاد کیا گیا۔