• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی: پمز واقعے پر توجہ دلاؤ نوٹس جمع

مہرین رزاق بھٹو— فائل فوٹو
مہرین رزاق بھٹو— فائل فوٹو

قومی اسمبلی کی رکن مہرین رزاق بھٹو نے پمز واقعے پر قومی اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرا دیا۔

پیپلز پارٹی کی رکن مہرین بھٹو کا کہنا ہے کہ پمز میں پیش آنے والا واقعہ انتہائی سنجیدہ اور تشویشناک ہے، واقعے کے نتیجے میں معصوم نومولود بچوں کی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔

توجہ دلاؤ نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ اس واقعے نے اسپتالوں میں حفاظتی انتظامات اور ایمرجنسی رسپانس سے متعلق کئی اہم سوالات کو جنم دیا ہے، قومی اسمبلی میں فوری بحث کرائی جائے تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔

نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ذمے داران کا تعین ہو اور مستقبل میں ایسے دلخراش واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے پمز اسپتال کے گائنی وارڈ کی نرسری میں آگ لگنے سے 14 نومولود جھلس کر جاں بحق ہو گئے تھے۔

پمز اسپتال کے سانحے میں جاں بحق 14 بچوں کی میتیں ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید