کراچی ( محمد منصف،اسٹاف رپورٹر) میر رضا جوڈیشل کمیشن کے سربراہ جسٹس عمر سیال نے کہا ہے کہ بے خوف کمیشن چلائیں گے اور حقائق سامنے لائیں گے، اب تک جو ہوتا آیا ہے وہ بند کمروں میں ہوتا رہا ہے لیکن اب جو ہوگا سب کے سامنے ہوگا کوئی بات چھپائی نہیں جائے گی ، ہم جوڈیشل کمیشن روایتی انداز میں نہیں چلائیں گے، ٹی او آرز کے مطابق کمیشن تحقیقات میں نقائص، پولیس کارکردگی، غفلت کا جائزہ لے گا۔ کیس کی تحقیقات کمیشن نہیں کرے گا، نہ وزیر اعلیٰ تحقیقات کرسکتے ہیں۔ ہم صرف غلطیوں کی نشاندہی کریں گے۔ جسٹس عمر سیال کے استفسار پر مقتول کے والد نے جوڈیشل کمیشن پر اعتماد ظاہر کر دیا۔ کمیشن کے سربراہ جسٹس عمر سیال نے سندھ حکومت کو ہدایت کی کہ پولیس افسران اور ڈاکٹرز کی فہرست کمیشن کے سامنے پیش کریں ، گواہان کے بیانات، میڈیکل رپورٹ، اصل دستاویزات بھی پیش کی جائیں اور کمیشن کے رجسٹرار عبدالماجد کو مطلوبہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ تفصیلات کے مطابق کارروائی کا آغاز کیا تو سب سے پہلے مقتول کے والد، والدہ اور ہمشیرہ کمیشن کے روبرو پیش ہوئے اس دوران ان کے وکیل جبران ناصر ایڈووکیٹ کو بھی روسٹرم پر طلب کیا گیا۔ کمیشن نے میر رضا کے لئے دعا کی۔