• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیپال: سیلابی ریلے میں بہنے والی بینک کی تجوری سے لاکھوں روپے لوٹ لیے گئے


فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا 

نیپال میں تباہ کن سیلاب کے دوران ریلے میں بہنے والی ایک بینک کی تجوری توڑ کر مقامی افراد نے اس میں موجود لاکھوں روپے نکال لیے۔

پولیس نے تجوری توڑ کر اس میں موجود رقم نکالنے کے الزام میں 29 افراد کو حراست میں لے لیا، بینک کی یہ تجوری راسوا کے بھوٹیکوشی علاقے میں سیلابی پانی میں بہہ گئی تھی اور بعد میں بیلکھوکولا کے قریب دریائے تریشولی سے برآمد ہوئی۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تلاشی کے دوران 29 افراد کو حراست میں لیا گیا، زیرحراست افراد کی عمریں 19 سے 49 سال کے درمیان ہیں۔ جبکہ ان کے قبضے سے 92 لاکھ 68 ہزار 505 نیپالی روپے برآمد ہوئے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 57 لاکھ روپے بنتے ہیں۔

اس کے علاوہ  نیپال میں ایک اور افسوسناک واقعے میں دو افراد کو سیلابی ریلے میں بہہ جانے والی خاتون کی لاش سے مبینہ طور پر سونے کی بالیاں چرانے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں مبینہ طور پر دونوں افراد دریائے نارایانی میں سیلابی پانی کے ساتھ بہہ جانے والی خاتون کی لاش سے سونے کی بالیاں اتارتے دکھائی دیے۔

ادھر نیپال کی نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی نے تباہ کن سیلاب کے جانی نقصانات کے تازہ اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 626 ہوگئی جبکہ 2,426 افراد تاحال لاپتا ہیں۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق لاپتا افراد کی تعداد ایک روز قبل رپورٹ کیے گئے 1,924 کے مقابلے میں نمایاں طور پر بڑھ گئی ہے، جبکہ لاپتا غیرملکی شہریوں کی تعداد 517 پر برقرار ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید