کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کی جانب سے پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس کے خلاف گورنر ہاؤس سندھ پر دیا جانے والا دھرنا ہفتے کو 14ویں دن بھی جاری رہا، دھر نا گاہ میں منعقدہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت عظیم الشان”سیرت النبی ؐ کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ تعلیمات نبوی ؐ کے مطابق بھی ناجائز ٹیکس وصول کرنے والا ظالم اور گناہ گارہے۔ حکمرانوں کی ظالمانہ روش کے خلاف آواز اٹھانا نبی کریم ؐ کی تعلیمات کا تقاضا ہے۔ نبی کریم ؐ سے محبت کا مطلب یہ ہے کہ ان کے نقش قدم پر عمل اور تعلیمات کے مطابق زندگی بسر کی جائے۔حکومت ایک لیٹر پیٹرول پر 130 روپے ٹیکس وصول کر کے عوام پر ظلم کررہی ہے۔ جماعت اسلامی 25 کروڑ عوام کا مقدمہ لڑرہی ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ جدوجہد کے ذریعے ظالم حکمرانوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے 3ستمبر کو پورے پاکستان میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ یکم ستمبر کو امیر جماعت اسلامی پاکستان دھرنا گاہ آئیں گے اور تاجر کنونشن سے خطاب کریں گے۔کانفرنس سے نائب ناظمہ کراچی سمیہ عاصم،مشہور بلاگرو رائٹر افشاں نوید، ڈائریکٹر تربیہ عثمان پبلک اسکول صبوح طلعت، میجر ریٹائرڈ محمد حسین کی اہلیہ تسنیم کریم، کرنل ریٹائرڈعامر کی اہلیہ روبینہ عامر، ورکنگ ویمن ویلفیئر ٹرسٹ کی رہنما و سٹی کونسل کی سابق رکن ریحانہ افروز،گورنمنٹ کالج فور ویمن ملیر کی صبور فاطمہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر ناظمہ کراچی حلقہ خواتین جاوداں فہیم بھی موجود تھیں۔ کانفرنس میں شہر بھر سے خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ نبی کریم ؐ نے خواتین کو وہ مقام دیا جو کسی اور مذہب نے نہیں دیا،یہاں تک کہ وراثت میں حصہ دیا۔ ہم نے لا الہ الا اللہ کی بنیاد پر ملک کا حاصل کیا تھا لیکن ملک میں بعد آج تک کلمے کا نظام نافذ نہیں ہوسکا۔