نکاح نامہ صرف کاغذ نہیں، یہ قانونی دستاویز ہے جو شادی کے بعد آپ کے حقوق کا ضامن بن سکتی ہے۔ پہلے شرائط پڑھیں، پھر نکاح نامے پر دستخط کریں۔
جنسی تشدد کے واقعات کے پیشِ نظر اسلام آباد میں خواتین نے نکاح نامے سے متعلق شعور بڑھانے کے لیے بیٹھک سجالی۔ ایف نائن پارک میں قانون سے آگہی رکھنے والی خواتین نے نوجوانوں کو نکاح نامے کی اہمیت پر بریف کیا۔
شادی کے بندھن میں بندھنے سے پہلے لڑکی کے لیے نکاح نامہ غور سے پڑھنا کتنا ضروری ہے اور کیوں ؟
اسلام آباد میں اتوار کے روز سائیکلنگ گروپ کی سہیلیوں نے سوچا کہ کیوں نہ آج بات نکاح نامہ پر کی جائے بس پھر سائیکلیں نکالیں اور ایف نائن پارک پہنچ گئیں۔
نکاح نامہ میں حق مہر کتنا ہے ، زندگی جینے کی آزادی کتنی اور پابندیاں کیا ہوں گی؟ اس بیٹھک کا مقصد ایسے ہی تمام پہلوؤں پر غور کرنا تھا۔ پارک کے اس درخت کے نیچے بیٹھی سہیلیوں میں 2 وکیل بھی تھیں، جنہوں نے نکاح نامے کے قانونی پہلوؤں سے متعلق آگاہی دی۔
یہ خواتین کہتی ہیں کہ یہ ایک سوشل کانٹریکٹ ہے جسے دونوں فریقین کا پڑھنا لازم ہونا چاہیے۔ اس بیٹھک میں اکثر لڑکیاں بات کرتے ہوئے جذباتی اور پُرعزم نظر آئیں۔