کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس ،جماعت اسلامی کے گورنر ہائوس پر دھرنے کو نصف ماہ مکمل، ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال کی تیاریاں جاری،دو قافلوں کی پیدل مار چ کر کے دھرنا گا ہ آمد،منعم ظفر خان و دیگر شرکاء نے استقبال کیا۔ دھرنے کے شرکا سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی منعم ظفر خان نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر 3ستمبر کو کراچی میں بھی شٹر ڈائون ہڑتال ہوگی، دھرنا بھی جاری رہے گا۔تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس کی ظالمانہ وصولی،آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں کے خلاف گورنر ہاؤس پر جاری جماعت اسلامی کے دھرنے کو 15دن مکمل ہو گئے، اتوار کو ضلع کیماڑی سے 22کلو میٹر اور ضلع وسطی سے 16کلو میٹر فاصلہ طے کر کے دو قافلے پیدل مارچ کرتے ہوئے گورنر ہاؤس پہنچے، جہاں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان اور دھرنے کے دیگر شرکاء نے قافلوں کا پر جوش استقبال کیا اور دھرنا گاہ پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس ختم کرو، پیٹرول سستا کرو، حکمرانوں شرم کرو، عوام پر ظلم بند کرو، تیز ہو تیز جدو جہد تیز ہو، کے پر جوش نعروں سے گونج اٹھی منعم ظفر خان نے رات گئے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر 3ستمبر کو کراچی میں بھی شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی اور گورنر ہاؤس پر دھرنا بھی جاری رہے گا، پورے ملک کے عوام پریشان ہیں، حکمرانوں نے عوام سے جینے کاحق چھین لیا ہے۔ پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس کی مد میں زندگی کی تمام اشیاء کو مہنگا کردیاہے۔ملک میں طبقاتی نظام ہے، غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہوتا جارہا ہے۔ غریبوں کے حقوق کی بات کی جاتی ہے تو حکمرانوں کو پریشانی ہوجاتی ہے۔ جماعت اسلامی مہنگائی و پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس اور آئی پی پیز اور کے الیکٹرک کو نوازنے کے خلاف آواز اٹھا رہی ہے،حکمرانوں کی طرف سے کے الیکٹرک کو نوازنے کا سلسلہ جاری ہے۔ بجلی بنانے، سسٹم بہتر کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے مگر اربوں کی سبسڈی عوام کے ٹیکسوں سے اسے دی جا رہی ہے۔ امیر ضلع کیماڑی فضل احد کی قیادت میں قافلہ 22کلومیٹر،امیرضلع وسطی سید وجیہ حسن کی قیادت میں قافلہ 16کلومیٹر پیدل مارچ کرکے گورنر ہاؤس پہنچا۔دھرنے سے مولانا فضل احد حنیف، امیر ضلع وسطی سید وجیہ حسن،ڈاکٹر ثاقب انصاری،ڈاکٹر سید احمر حامد و دیگر نے بھی خطاب کیا۔علاوہ ازیں یکم ستمبر کو ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال کے حوالے سے کارکنوں میں زبردست جو ش و خروش دیکھنے میں آرہا ہے اور تیاریاں جاری ہیں ، ہڑتال کو بھر پور اور کامیاب بنانے کے لئے جماعت اسلامی کے ضلعی و مقامی رہنما اور برادر تنظیموں کے ذمہ داران نچلی سطح پر ، عام دکانداروں ، تاجروں ، مختلف کاروباری مراکز میں تاجر تنظیموں اور مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں سے ملاقاتیں اور رابطے کر رہے ہیں۔