کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پنک الیکٹرک اسکوٹی اور تربیتی پروگرام کے لئے اب تک 50 ہزار سے زائد خواتین درخواستیں دے چکی ہیں سندھ حکومت نے آئندہ مرحلے میں میرپورخاص میں پنک الیکٹرک اسکوٹیز تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ خواتین حکومت سندھ کے اس پروگرام میں بھرپور دلچسپی رکھتی ہیں،سندھ حکومت کی جانب سے اب تک 2 ہزار سے زائد خواتین کو ڈرائیونگ اور متعلقہ تربیت فراہم کی جا چکی ہے، جبکہ تربیتی عمل کراچی، حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص اور شہید بینظیرآباد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں جاری ہے،حکومت کا مقصد زیادہ سے زیادہ خواتین کو محفوظ طریقے سے اسکوٹی چلانے کے قابل بنانا ہے تاکہ وہ اپنی نقل و حرکت کو آسان بنا سکیں اور معاشی و سماجی سرگرمیوں میں مزید فعال کردار ادا کر سکیں۔