• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب اہم قدم ہے: وزیرِ اعظم

وزیرِ اعظم شہباز شریف—فائل فوٹو
وزیرِ اعظم شہباز شریف—فائل فوٹو

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عالمی منظر نامہ بڑھتی جغرافیائی کشیدگی سے دوچار ہے، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔

بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان پائیدار علاقائی امن کے لیے پُرعزم ہے، شنگھائی تعاون تنظیم عالمی امن و استحکام کے لیے اہم پلیٹ فارم ہے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایس سی او کے 25 سال مکمل ہونا اہم سنگِ میل ہے، پاکستان ایس سی او کا فعال اور ذمے دار رکن ہے، جنوبی ایشیاء پائیدار امن کے بغیر اپنی مکمل صلاحیت حاصل نہیں کر سکتا۔

وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ پانی ہمارے خطے کی زندگی اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کی ضمانت ہے، پانی کو سیاسی مقاصد یا دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا ناقابلِ قبول ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ غزہ اور مغربی کنارے میں انسانی المیہ ناقابلِ تصور مصائب کا باعث ہے، عالمی برادری فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کا احترام کرے۔

انہوں نے کہا ہے کہ عالمی معاہدوں پر ان کی روح اور الفاظ کے مطابق مکمل عمل ہونا ضروری ہے، دہشت گردی خطے کو درپیش سنگین ترین خطرات میں سے ایک ہے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانیاں دیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو 150 ارب ڈالرز سے زائد کا معاشی نقصان ہوا۔

وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ ایس سی او خطے میں 3 ارب سے زائد افراد آباد ہیں، علاقائی رابطہ کاری اب انتخاب نہیں بلکہ تذویراتی ضرورت ہے، حالیہ بحران نے محفوظ توانائی راہداریوں کی اہمیت واضح کر دی، عالمی معاہدوں پر ان کی روح اور الفاظ کے مطابق مکمل عمل ہونا ضروری ہے۔

قومی خبریں سے مزید