کراچی ( اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ 3ستمبر کی مکمل اور ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال تاریخ ساز ہڑتال ہوگی اور ہڑتال کے بعد ہم اپنا آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ، حافظ نعیم الرحمن نےبدھ کو ادارہ نورحق میں امیر کراچی منعم ظفر خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس، آئی پی پیز مافیا ور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کی عوامی جدو جہد اور تحریک جاری رہے گی، حکومت کو پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس ختم اور آئی پی پیز سے عوام دشمن معاہدے منسوخ کرنے ہوں گے، اسلام آباد لانگ مارچ کی کال، اسلام آباد اور راولپنڈی میں دھرنے، ملک بھر میں دھرنے پھیلانے کے آپشن موجود ہیں، بدھ کو اٹھارویں دن بھی چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں دھرنے جاری ہیں، پشاور کا دھرنا 5ددھرنوں میں تبدیل ہو گیا ہے، حیدر آباد دھرنا 10دن سے جاری ہے،اندرون سندھ شہروں سمیت چترال جیسے علاقے میں بھی دھرنا جاری ہے، دھرنوں اور احتجاج میں عوام کی شرکت مسلسل بڑھتی جارہی ہے۔