اسلام آباد(ماریانہ بابر) چین کی کوششوں سے پاک افغان سفارتکاری میں پیش رفت ، افغانستان میں پاکستان کے سفیر کی نائب وزیراعظم سے ملاقات ، طالبان حکام کا اہم پیغام پہنچا دیا ، پاکستان کے افغانستان میں سفیر عبیدالرحمٰن نظامانی نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے وزارت خارجہ میں ملاقات کی، جس میں افغانستان سے متعلق اہم امور اور پاک افغان سرحدی سلامتی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا،اسحاق ڈار نے علاقائی پیش رفت ، سیکورٹی معاملات کی نگرانی کی اہمیت پر زور دیا ، یہ پیش رفت ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب چینی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان نے بھی اسلام آباد کا دورہ کیا ہے ، افغانستان میں پاکستانی سفیر صادق خان نے کہا ہے کہ چینی وفد کیساتھ دہشت گرد گروہوں، بالخصوص ٹی ٹی پی اور ایسٹ ترکستان موومنٹ کے خطرات پر بات چیت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی سفیر کابل میں طالبان حکومت کی جانب سے اہم پیغامات لے کر اسلام آباد پہنچے ہیں، جن کا تعلق پاکستان کے تحفظات بالخصوص پاک افغان سرحد پر سکیورٹی صورت حال سے ہے۔