اسلام آباد( نیوز رپورٹر) جماعت اسلامی نے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کی دھمکی دیدی ، مر کزی امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے واضح کیا ہے کہ پیر کو حکومت سے باقاعدہ مذاکرات کا آغاز ہوگا، مطالبات کی منظوری میں تاخیر پرتحریک وسیع ہو جائے گی، اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکمرانوں اور بیوروکریسی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک پر اس وقت "فارم 47" کا غیر آئینی نظام (arrangement) قابض ہے، جس پر عوام کو کوئی اعتماد نہیں اور جن کی نااہلی و عیاشیوں کا بوجھ ٹیکسوں کی صورت میں غریب عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔نائب امیر میاں محمد اسلم اور امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا بھی اس موقع پر موجود تھے۔