کراچی (محمد ندیم ،اسٹاف رپورٹر)کراچی کی مقامی عدالت نے سانحہ گل پلازہ کیس میں وکیل صفائی کی جے آئی ٹی کی تشکیل سے متعلق درخواست مسترد کردی۔ وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ نئے تفتیشی افسرنےبھی سرکاری اداروں کو بچانے کی کوشش کی ، عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت پر چالان کی منظوری اور اداروں کو ملزم بنانے سے متعلق فیصلہ ہوگا، عدالت نے سماعت18ستمبر تک ملتوی کردی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی مقامی عدالت میں سانحہ گل پلازہ کیس کی سماعت ہوئی ۔ تنویرپاستا اور دیگر ملزم عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل صفائی کی جانب سے جے آئی ٹی (جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم )کی تشکیل سے متعلق درخواست مسترد کرتے ہوئے عدالت کاکہنا تھا کہ جے آئی ٹی دہشت گردی کےمقدمات میں بنائی جاتی ہے۔ عدالت کاکہنا تھا کہ آئندہ سماعت پر چالان کی منظوری سے متعلق فیصلہ کیا جائیگا ، یہ بھی فیصلہ ہوگاکہ اداروں کو ملزم بناناہے یانہیں۔ دوران سماعت سرکاری وکیل کاکہنا تھا کہ تنویرپاستاکی سب سے زیادہ غفلت ہے، تنویرپاستانے آگ بجھانےوالوں کو کال نہیں کی۔