اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے فیول ریلیف پیکیج کےلیے 75 ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ منظور کرلی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا ، جس میں بتایا گیا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) ڈیجیٹل فیول پاس سسٹم تیار اور مینج کرے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ موٹر سائیکل اور رکشے والوں کو ہفتہ وار 500 روپے کا فیول ریلیف ملے گا جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کےلیے 10 روز میں 1000 روپے کا فیول ریلیف دیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے کم آمدن والے طبقے کےلیے وزیراعظم شہباز شریف کے فیول ریلیف پیکیج کی منظوری دی ہے، جو صرف غیر کمرشل صارفین کےلیے مختص ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق ایک صارف یا مالک صرف ایک گاڑی کے لیے فیول ریلیف حاصل کرسکے گا، فیول ریلیف کی شفاف فراہمی کےلیے فیول پاس سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق موجودہ آئل ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کےلیے ڈرافٹ اپ گریڈ معاہدے کی منظوری دی گئی ہےاور اس کی تکمیل کےلیے 5 سال کی مدت مقرر کی گئی ہے۔
ای سی سی اجلاس میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مالی معاملات نمٹانے کی تجویز بھی منظور کی گئی جبکہ جولائی 2025ء تا جون 2026ء کے غیر ایڈجسٹڈ سیلز ٹیکس کلیمز نمٹانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔