پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے مینز چیمپئنز ٹرافی بھارت میں کھیلنے سے انکار کردیا۔
پی ایچ ایف حکام کے مطابق ایشین چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کے میچز بھارت کے بجائے نیوٹرل وینیو پر رکھے جائیں۔
حکام کے مطابق پی ایچ ایف نے ایشین ہاکی فیڈریشن کو ایونٹ بھارت میں نہ کھیلنے سے متعلق باضابطہ درخواست دے دی ہے۔
صدر پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ پاک بھارت موجودہ حساس صورتحال اور سیکیورٹی حالات کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم بھارت سمیت تمام رکن ممالک کے خلاف کھیلنے کے لیے تیار ہیں، کھیل کو سیاست سے پاک رکھنے کے نظریے پر قائم ہیں۔
بھارت میں شیڈول ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان، بھارت، چین، جاپان، ملائیشیا اور کوریا نے شرکت کرنی ہے، جو 27 اکتوبر تا 5 نومبر جالندھر اور موہالی میں کھیلی جائے گی۔