وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں پیٹرول پر پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کی پیش رفت کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے سبسڈی کے آسان حصول کے لیے انتظامیہ، رضاکاروں اور پیٹرول پمپ کے عملے پر مشتمل سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا ریلیف فراہم کرنے کے لیے سہولت ڈیسک پر موجود افراد اسکیم کے مستحق شہریوں کی رہنمائی کریں، عوام کو رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو عوام میں اسکیم سے متعلق آگاہی کےلیے متحرک رہنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو فیول سبسڈی اسکیم کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق اسلام آباد میں اسکیم کے پائلٹ افتتاح کے بعد اب پورے ملک میں اسکیم کا افتتاح کیا جا چکا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس اسکیم کو عوام کے لیے انتہائی آسان اور عام فہم بنایا گیا ہے۔ اسکیم کو ملک گیر سطح پر نافذ کرنے کے لیے صوبائی حکومتیں بھرپور تعاون کر رہی ہیں۔