• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، بحریہ کی اشتعال انگیزی پر شدید احتجاج

دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر نے کہا کہ بھارتی ناظم الامور کو بھارتی بحریہ کی اشتعال انگیزی پر طلب کرکے اس اشتعال انگیزی پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارتی بحری جہاز کے پاکستان کے خصوصی اقتصادی زون میں اشتعال انگیز کارروائی پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا، بھارتی بحری جہاز نے پاکستانی بحری جہاز کے انتہائی قریب جارحانہ نقل و حرکت کی۔ 

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی بحری جہاز کی کارروائی کے نتیجے میں دونوں بحری جہازوں کے درمیان ٹکر ہوئی، بھارتی کارروائی بین الاقوامی قانون اور 1991 کے دو طرفہ معاہدے کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ 

ترجمان  نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی کارروائی کو سختی سے مسترد کر دیا، بھارت بین الاقوامی قوانین اور دو طرفہ معاہدوں کی سختی سے پابندی کرے۔ 

انھوں نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمیشن نئی دلی میں بھی بھارتی وزارت خارجہ کو احتجاجی مراسلہ دے گا، پاکستان نے عالمی برادری سے بھارت کی اشتعال انگیز پالیسی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ 

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت جنوبی ایشیا کے مزید عدم استحکام سے دوچار کرنے والی غیر ذمہ دارانہ کارروائیوں سے باز رہے۔

قومی خبریں سے مزید