کراچی (محمد منصف)پولیس نے کیس کو بہت خراب کیا، میر رضا کیس میں جوڈیشل کمیشن کے سخت ریمارکس،جائے وقوعہ محفوظ نہ بنانے، روزنامچہ میں اندراج نہ ہونے اور شواہد کی ہینڈلنگ پر تفتیشی افسر سے جواب طلبی،میر رضا قتل سے متعلق معلومات ہیں تو حلف نامے کے ساتھ دیں،کمیشن کی احمد بھاردے کو ہدایت،میر رضا کیس کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن نے پولیس تفتیش پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے کیس کو بہت خراب کیا، تفتیش میں سنگین خامیاں سامنے آئی ہیں اور شواہد کے تحفظ و دستاویزات کی تیاری میں بھی غفلت برتی گئی۔ کمیشن کے سربراہ جسٹس عمر سیال نے کہا کہ دنیا بھر میں ایسے مقدمات ہوتے ہیں جو حل نہیں ہوتے، لیکن ان کے ورثا کو پولیس سے شکایت نہیں ہوتی۔جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں میر رضا کے بزنس پارٹنر احمد بھاردے اور سابق تفتیشی افسر شبیر لغاری سے تفصیلی پوچھ گچھ کی گئی۔