• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2027ء تک پولیو وائرس کی منتقلی روکنے کا ہدف ہے: مراد علی شاہ

مراد علی شاہ---فائل فوٹو
مراد علی شاہ---فائل فوٹو 

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جب تک پولیو وائرس کی موجودگی کا سراغ ملتا رہے گا، چوکس رہنا ضروری ہے، پاکستان پولیو کے خاتمے کی جانب سفر میں فیصلہ کن مرحلے پر کھڑا ہے، 2027ء کے اختتام تک پولیو وائرس کی منتقلی روکنا قابلِ حصول ہدف ہے۔

کراچی میں انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے غیر متزلزل عزم اور اعلیٰ معیار کی ویکسینیشن مہمات ضروری ہیں، آخری مرحلہ اکثر سب سے زیادہ مشکل ہوتا ہے، ویکسین سے محروم رہ جانے والا ہر بچہ وائرس کے پھیلاؤ کا موقع پیدا کرتا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہر ویکسین شدہ بچہ ہمیں پولیو سے پاک سندھ اور پاکستان کے قریب لے جاتا ہے، 5 سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائے جائیں۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ کے 30 اضلاع میں تقریباً 1 کروڑ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، سندھ کے 23 اضلاع میں مکمل جبکہ 7 اضلاع میں جزوی کوریج فراہم کی جائے گی، پولیو ورکرز اور سپروائزرز گھر گھر جا کر بچوں کو انسدادِ پولیو کے قطرے پلائیں گے۔

مراد علی شاہ کے مطابق مہم کے دوران سندھ بھر میں 26 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے، پولیو مہم کی سیکیورٹی کے لیے 2,300 خواتین پولیس کانسٹیبلز بھی تعینات ہوں گی۔

انہوں نے ہیلتھ ورکرز اور پولیس اہلکاروں کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ مشترکہ قومی ذمے داری ہے، والدین، علمائے کرام، اساتذہ، طبی ماہرین اور سول سوسائٹی کو پولیو کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، پولیو ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے اور بچوں کو زندگی بھر کی معذوری سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ  نے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے پولیو کے خلاف نمایاں پیش رفت حاصل کی ہے، ہر بچے کا تحفظ یقینی بنا کر سندھ اور پاکستان کے لیے صحت مند مستقبل محفوظ بنائیں گے۔

مراد علی شاہ نے پولیو کی آگاہی سے متعلق 5 سے 10 منٹ نیوز بلیٹن میں دینے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ کچھ کمیونٹیز میں پولیو کے قطروں سے متعلق غلط فہمی ہے، جہاں والدین منع کرتے ہیں وہاں انہیں راضی کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز فرنٹ لائن ورکرز ہیں، ان کا مکمل خیال رکھا جائے گا، بچے مختلف جگہوں پر جاتے ہیں، اس لیے ماحولیاتی نمونے منفی آنے کا مطلب یہ نہیں کہ پولیو کا کیس نہیں ہے۔

تیل کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق مراد علی شاہ نے کہا کہ مہنگائی کا پہاڑ ٹوٹا ہے، پیپلز پارٹی اس مہنگائی کا مکمل ادراک رکھتی ہے، سندھ اسمبلی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی قرارداد بھی منظور کی گئی ہے۔

صحت سے مزید