مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی ورچوئل اداکارہ ٹِلی نارووُڈ ایک انٹرویو کے دوران اچانک انگریزی کے بجائے چینی زبان بولنے لگی۔
یہ واقعہ فلم ’مِس الائنڈ‘ کے بارے میں ہونے والے ایک انٹرویو کے دوران پیش آیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
انٹرویو کے دوران اداکار ٹام کونٹی نے اے آئی اداکارہ ٹِلی نارووُڈ سے سوال کیا کہ فلم میں ان کے ساتھ نظر آنے والے دیگر اداکار حقیقی انسان ہیں یا کمپیوٹر سے تیار کیے گئے کردار ہیں؟
اس سوال کے جواب میں ٹِلی نارووُڈ نے فلم کی تیاری کے طریقہ کار پر بات شروع کر دی۔
انہوں نے بتایا کہ فلم’مِس الائنڈ‘ ایک ہائبرڈ پروڈکشن ہے، جس میں حقیقی ہدایت کار، مصنفین اور ایڈیٹرز بھی شامل ہیں اور اس کا مقصد کسی کی جگہ لینا نہیں بلکہ کہانی سنانے کے نئے طریقے تلاش کرنا ہے۔
ٹام کونٹی نے اپنے سوال کا صحیح جواب موصول نہ ہونے پر دوبارہ سوال کیا کہ فلم میں آپ کے ساتھ نظر آنے والے اداکار حقیقی ہیں یا اے آئی ٹیکنالوجی سے بنائے گئے ہیں۔
اس بار اے آئی اداکارہ نے جواب دیا کہ فلم میں موجود دیگر اداکار بھی میری ہی طرح ڈیجیٹل ٹوئنز ہیں۔
ٹِلی نارووُڈ اپنے جواب کی مزید وضاحت کرتے ہوئے انٹرویو کے دوران اچانک چینی زبان میں بولنے لگیں۔
اس غیر متوقع تبدیلی پر پیئرز مورگن اور ٹام کونٹی حیران رہ گئے، پیئرز مورگن نے اے آئی اداکارہ سے سوال کیا کہ آپ بغیر کسی وجہ کے انٹرویو کے دوران اچانک چینی زبان کیوں بولنے لگیں؟
جس پر اے آئی اداکارہ نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا ایک تکنیکی خرابی کی وجہ سے ہوا ہے، میں چینی زبان بولنے یا پیئرز مورگن کی نقل کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی تھی، کبھی کبھار ایسی گڑبڑ ہو سکتی ہے۔
