• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جو صورتِحال چل رہی ہے، ہزار روپے میں بھی پیٹرول نہیں ملے گا: محسن نقوی

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی—اسکرین گریب
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی—اسکرین گریب

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ جو صورتِ حال چل رہی ہے، ہزار روپے میں بھی پیٹرول نہیں ملے گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ بہت سے ممالک میں پیٹرول نہیں مل رہا، معیشت پر زیادہ نہیں بولنا چاہتا، عالمی مارکیٹ کے حساب سے پیٹرول کی قیمت بڑھتی ہے۔

محسن نقوی کا کہنا ہے کہ یہ شہید نہ ہمارے شہید ہیں نہ ان کے شہید ہیں، یہ پاکستان کے شہید ہیں، پی ٹی آئی والے اتنے بے حس ہو گئے کہ نہ وہ خود اور نہ ان کا کوئی وزیر شہداء کے جنازے میں گیا۔

انہوں نے کہا کہ کے پی میں جو حالات ہیں وہ سب کے سامنے ہیں، ابھی بھی ان کے پاس وقت ہے کہ وہ ایسی بند گلی میں نہ جائیں جہاں سے واپسی کا راستہ نہ ہو۔

اگر وہ لانگ مارچ کریں گے تو اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر عمل کرایا جائے گا

وفاقی وزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی لیڈر شپ میں سے اکثر لوگ لانگ مارچ نہیں کرنا چاہتے، اگر وہ لانگ مارچ کریں گے تو اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر من و عن عمل کرایا جائے گا، ہمارے پاس جو بھی قانونی آپشن ہو گا، اس حوالے سے فیصلہ کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ آپ جس اپروچ پر جا رہے ہیں اس سے اپنا اور اپنے لوگوں کا نقصان نہ کریں، اس مرتبہ یہ نہیں ہو گا کہ وہ آئیں اور ملک 10 دن 20 دن کے لیے بند ہو جائے، اس بار مستقل لائحہ عمل بنائیں گے۔

وزیرِ داخلہ نے کہا ہے کہ علاج کے لیے جو کچھ قانون میں ہے، وہ ہم کریں گے، ان کے کہنے سے نہیں، بانئ پی ٹی آئی کا چیک اپ تو رات کو بھی ہو گیا، ان کو خود بھی نہیں پتہ کہ ان کے مطالبات کیا ہیں۔

پُرامید ہوں کہ صوبے ضرور بنیں گے

انہوں نے کہا کہ میں پُرامید ہوں کہ صوبے ضرور بنیں گے، نئے صوبوں کا معاملہ بڑی تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

افغانستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا ہے کہ افغانستان دہشت گردوں کو جب تک نہیں روکے گا، تعلقات معمول پر نہیں آئیں گے، اس بار مستقل حل نکالیں گے، بار بار ایسی صورتِ حال کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

قومی خبریں سے مزید