• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ابوظبی: مائیکل جیکسن کے دستانے، ڈیانا کے ملبوسات نیلامی کیلئے پیش ہونگے

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

موسیقی کی دنیا کے آئیکون پاپ گلوکار مائیکل جیکسن اور برطانوی شہزادی ڈیانا سمیت معروف ثقافتی شخصیات کی یادگار اشیاء رواں سال دسمبر میں نیلامی کے لیے پیش کی جائیں گی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابوظبی میں منعقد ہونے والی جولینز آکشنز میں موسیقی، فیشن اور پاپ کلچر سے منسلک نایاب اشیاء پیش کی جائیں گی، جن میں 11 نمایاں اشیاء کی مجموعی مالیت 3.86 ملین درہم تک ہے۔

رپورٹس کے مطابق جولینز آکشنز 5 سے 10 دسمبر تک جزیرہ الماریہ پر واقع روز ووڈ ابوظبی میں پہلا علاقائی سیلیبریٹی اینڈ کلچر ویک منعقد کرے گا، اس دوران 3 الگ الگ نیلامیاں ہوں گی، جن میں عالمی شہرت یافتہ شخصیات سے وابستہ فیشن، موسیقی، فلم سے متعلق اور دیگر اشیاء پیش کی جائیں گی۔

سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والی اشیاء میں کرسٹلز سے مزین وہ دستانے شامل ہیں جو مائیکل جیکسن نے 2002ء میں وائب میگزین کے کور فوٹو شوٹ کے دوران پہنے تھے، اس کی قیمتہ کا تخمینہ 40 ہزار سے 60 ہزار ڈالرز لگایا گیا ہے، یعنی تقریباً 1 لاکھ 47 ہزار سے 2 لاکھ 20 ہزار درہم۔

نیلامی میں وہ لوفرز بھی پیش کیے جائیں گے جو مائیکل جیکسن نے شہرۂ آفاق میوزک ویڈیو تھرلر میں پہنے تھے، ان کی قیمت 20 ہزار سے 40 ہزار ڈالرز تک مقرر کی گئی ہے، ان کے ساتھ کوریو گرافر مائیکل پیٹرز کے نام گلوکار کا ایک ذاتی خط بھی شامل ہے۔

مائیکل جیکسن کے بیڈ دور سے وابستہ 2 جیکٹس بھی نیلامی میں پیش کی جائیں گی، ان میں سے ایک جیکٹ پر گلوکار نے دستخط کر کے ٹی جے مارٹل فاؤنڈیشن کو عطیہ کیا تھا، اس کی قیمت 60 ہزار سے 80 ہزار ڈالرز لگائی گئی ہے جبکہ دوسری جیکٹ تھرلر کی پرفارمنس کے لیے تیار کی گئی تھی، جس کی قیمت 30 ہزار سے 50 ہزار ڈالرز لگائی گئی ہے۔

شہزادی ڈیانا کے ملبوسات بھی نیلامی کا حصہ

ابوظبی کی اس نیلامی میں شہزادی ڈیانا کی یادگاری اشیاء بھی پیش کی جائیں گی، ان میں نمایاں ترین ان کا گہرے نیلے رنگ کا گاؤن ہے، جسے کیتھرین واکر نے تیار کیا ہے اور اسے ڈیانا نے 1995ء میں نیویارک میں ہونے والے سی ایف ڈی اے فیشن ایوارڈز میں پہنا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس گاؤن کی قیمت 2 لاکھ سے 4 لاکھ ڈالرز کے درمیان متوقع ہے، جس کے باعث یہ اب تک اعلان کی گئی اشیاء میں سب سے زیادہ مالیت رکھنے والی واحد شے ہے۔

ڈیانا سے متعلق دیگر اشیاء ان کی زندگی کے آخری برسوں میں ہونے والی اہم عوامی سرگرمیوں سے وابستہ ہیں، ان میں سیلفریجز کے سُوئیڈ ڈرائیونگ لوفرز کی ایک جوڑی، ڈیانا کی پہنی ہوئی رالف لارین کی شرٹ بھی شامل ہے،  ان کی قیمت 10 ہزار سے 30 ہزار ڈالرز تک متوقع ہے۔

تیسری نیلامی جس کا عنوان پاپ کلچر لیجنڈز ہے، اس میں بروس لی، بینکسی، ایمی وائن ہاؤس، کرٹ کوبین، میڈونا، ایڈی وان ہیلن اور صابرینا کارپنٹر سمیت متعدد شخصیات سے متعلق یادگاری اشیاء نیلامی کے لیے پیش کی جائیں گی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
خاص رپورٹ سے مزید