اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) وزیر اعظم شہباز شریف کی در خواست پر جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کیخلاف اسلام آ باد کیلئے لانگ مارچ موخر کرنے کا اعلان کردیاتاہم احتجاجی کیمپ اور دھرنے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہباز شریف کاحافظ نعیم الرحمن سے ٹیلیفونک رابطہ، وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی کہ حکومت جس قدر ممکن ہوا عوام کو ریلیف کی فراہمی یقینی بناتی رہے گی،دونوں رہنماؤں کا ملاقات کرنے ،مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق، امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کیخلاف دھرنے اور احتجاجی کیمپ جاری رہیں گے ۔وزیر اعظم ہاؤ س سے جاری اعلامیہ کے مطا بق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ۔ وزیرِ اعظم نے امیر جماعت اسلامی کو اسلام آباد میں دھرنا مؤخر کرنے کا کہا۔وزیر اعظم نے ان سے کہا کہ حکومت معاشی طور پر کمزور اور متوسط طبقے کو ان مشکل حالات میں پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف فراہم کر رہی ہے، وزیرِ اعظم نے یقین دلایا کہ حکومت جس قدر ممکن ہوا عوام کو ریلیف کی فراہمی یقینی بناتی رہے گی۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے وزیرِ اعظم کی تجویز کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ جماعت اسلامی دھرنا مؤخر کر رہی ہے، دونوں رہنماؤں نے وزیرِ اعظم کے نیو یارک کے دورے کے بعد ملاقات کرنے اور اس امر پر مزید مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔در یں اثنا ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پٹرولیم لیوی کے خلاف ملک گیر دھرنے اور احتجاجی کیمپ جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو عوام کو ریلیف دینے کا آخری موقع فراہم کرتے ہیں۔