• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ رخ کی دولت میں بڑی کمی، پھر بھی بھارت کے امیر ترین اداکار

بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی دولت میں 2500 کروڑ روپے کی کمی ہونے کے باوجود وہ اب بھی بھارت کے امیر ترین اداکار ہیں۔ 

ہورون انڈیا کی دولت مندوں کی فہرست برائے 2026 کے مطابق شاہ رخ خان کی دولت کی مجموعی مالیت گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 2490 کروڑ روپے کم ہو کر اب 10,000 کروڑ روپے رہ گئی ہے۔ 

ان کے بعد امیتابھ بچن (4000 کروڑ)، سلمان خان (3000 کروڑ) اور ریتک روشن (2500 کروڑ) کا نمبر آتا ہے۔ اس میں شاہ رخ کی نہ صرف فلموں اور اشتہارات سے حاصل ہونے والی آمدنی شامل ہے بلکہ ان کے کاروبار، جن میں ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ اور نائٹ رائیڈرز اسپورٹس  سے حاصل ہونے والی دولت بھی شامل ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ہورون انڈیا کی 2025 کی فہرست میں شاہ رخ خان کی مجموعی دولت 12,490 کروڑ روپے بتائی گئی تھی۔ اس کا مطلب ہے کہ صرف ایک سال میں ان کی مجموعی دولت 2,490 کروڑ روپے کم ہوگئی۔ تاہم، یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ اس نمایاں کمی کے باوجود شاہ رخ خان اب بھی بھارت کے امیر ترین اداکار ہیں۔ 

 شاہ رخ خان ان دنوں اپنی نئی فلم کنگ پر کام کر رہے ہیں، جو 24 دسمبر 2026 کو ریلیز ہوگی۔ فلم میں دیپیکا پڈوکون، ان کی بیٹی سہانا خان، ابھے ورما اور ابھیشیک بچن بھی نظر آئیں گے جو ولن کے کردار میں ہونگے۔ 

حال ہی میں ایک آسک می اینی تھنگ سیشن میں شاہ رخ نے تصدیق کی کہ فلم کی ریلیز تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہو رہی۔ یہ فلم مداحوں کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے کیونکہ وہ تین سال بعد دوبارہ بڑی اسکرین پر نظر آئیں گے۔ وہ اس سے قبل 2023 کی فلم ڈنکی میں نظر آئے تھے۔

فلم کی ریلیز کے حوالے سے جب ایک صارف نے شاہ رخ خان سے کنگ کے بارے میں اپ ڈیٹ مانگی تو انھوں نے جواب دیا اب تصویر ہی دیکھو نا، ترسا نہیں رہا، ایک اچھی والی بنا رہا ہوں تاکہ دل کو تسلی ملے، سب آئے گا 24 دسمبر سے پہلے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید