کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما، وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ خیرات کا انتظار نہیں، انتظامی یونٹس، صوبے لے کر رہیں گے۔ پیپلز پارٹی نے کراچی تباہ کردیا، 22 ہزار ارب ہڑپ، گٹر میں بچے مر رہے ہیں،نئے صوبے ہی نجات ہیں۔ ہمارے ٹیکسز اور پورٹ کا پیسہ شہر کی ترقی کی بجائے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں پارک پر خرچ ہوتا ہے۔ وہ فیڈرل بی ایریا میں ’’جین زی اور جین الفا‘‘ تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے، جس میں ہزاروں نوجوان موجود تھے۔تفصیلات کے مطابق سینئر مرکزی رہنما، وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہاکہ کراچی کے وسائل پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے، اس شہر اور صوبے کے نوجوانوں کو ان کا جائز حق دلانے کا وقت آ گیا ہے، ہم اس ملک کے وارث ہیں اور خاموشی سے خیرات کا انتظار کرنے کی بجائے نئے انتظامی یونٹس اور صوبوں کی صورت میں اپنا حق لے کر رہیں گے۔ فاق سے ملنے والے اربوں روپے صوبائی حکومت ہڑپ کر رہی ہے اور کراچی کے شہریوں کو پینے کا پانی، سڑکیں اور تعلیم تک میسر نہیں۔