چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہم پُرامن تھے، پُرامن ہیں اور پُرامن رہیں گے، اداروں یا اسلام آباد پر حملہ نہیں کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہم کہہ رہے ہیں ہماری بات سنی جائے، ہم پُرامن ہیں اور اپنے حقوق کیلئے نکل رہے ہیں۔ ہم انصاف کی آواز اٹھا رہے ہیں، بارہا کہا کہ ہمیں سنا نہیں گیا اور انصاف نہیں ملا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزرا جو مرضی بیانات دیں، کسی وزیر نے یہ نہیں کہا کہ ہم نے پی ٹی آئی کی بات سنی اور انصاف دیا۔ پارٹی نے اپنا پروگرام بہت پہلے اعلان کیا ہوا ہے، اس میں کوئی تبدیلی نہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جہاں تک اعتماد کا تعلق ہے، سہیل آفریدی ہمارے وزیراعلیٰ ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کو اُن پر پر اعتماد ہے، وہی وزیراعلیٰ رہیں گے۔ سہیل آفریدی کو ہم سب کی حمایت حاصل ہے، یہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایات ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت کو اس بیانیے اور تاثر کا بندوبست کرنا ہوگا۔ اگر حکومت ایسا تاثر پیدا کرے گی تو بڑی تعداد رکھنے والی سیاسی جماعت کو سیاسی میدان سے نکال دیا جائے گا۔ سیاسی جماعتوں کو سیاسی میدان سے نکالنے کے بڑے خطرناک نتائج ہوتے ہیں۔