وفاقی وزیرِ امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ کشمیر کے بارے میں نواز شریف اور مریم نواز کے اعلانات پر عمل ہو گا، 20 ارب روپے کے پیکیج اور 100 روزہ منصوبے پر آزاد کشمیر میں حکومت عمل کرے گی۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران امیر مقام نے کہا کہ آزاد کشمیر کا صدر نجیب نقی کو بنایا گیا ہے جن کا تعلق پونچھ ڈویژن سے ہے، پونچھ سے صدر کا انتخاب ہونے سے وہاں ایک مثبت پیغام گیا ہے۔
انہوں نے جمہوریت کا ساتھ دینے پر کشمیری عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں قانون سازی کا تمام عمل اچھے انداز سے مکمل ہوا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ احتجاج کرنے والے اٹھ جائیں اور نظام کا حصہ بنیں، کیونکہ دھرنوں اور احتجاج سے نقصان عوام کا ہی ہوتا ہے۔
امیر مقام نے یہ بھی کہا کہ خیبر پختون خوا دہشت گردی سے شدید متاثر ہونے والا صوبہ ہے، صوبے میں سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا کے عوام صوبائی حکومت سے پوچھیں کہ اس نے ان کے لیے کیا کیا ہے؟