• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف کا 27 ستمبر کا لانگ مارچ موخر، 4 اکتوبر کو ہوگا، سہیل آفریدی، یہ دھرنوں سے بھاگ رہے ہیں، حکومت

پشاور، اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے لانگ مارچ مؤخر کرنے کا اعلان کردیا، ایک بیان میں واضح کیا کہ ہمارا لانگ مارچ 4 اکتوبر کو پشاور سے روانہ ہوگا، جبکہ اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے سہیل آفریدی کو مشورہ دیا ہے کہ 27ستمبر کی کال کو ہر صورت برقرار رکھا جائے، پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اختیار سہیل آفریدی کو دیا جو فیصلہ کرینگے قبول ہوگا، وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ PTI دھرنوں سے بھاگ گئی، ہمت ہے تو آئو لانگ مارچ کرو، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے حکومت وزیراعلیٰ بدلنا نہیں چاہتی تحریک انصاف ماضی سے سیکھے، گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گورنر راج لگانے کیلئے مشاورت ہوئی ہے،وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اس بار فیصلہ کن معرکہ ہوگا پی ٹی آئی پھر کبھی اسلام آباد کا رخ نہیں کریگی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے لانگ مارچ مؤخرکرنے کا اعلان کردیا، وزیراعلیٰ نے ایک بیان میں واضح کیا کہ ہمارا لانگ مارچ 4 اکتوبر کو پشاور سے روانہ ہوگا۔دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نےکہاکہ پی ٹی آئی اب دھرنوں سے بھاگ گئی ہے۔ ایک بیان میں عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کی سہولتکاری کرنا پی ٹی آئی کی پالیسی کا حصہ ہے، تحریک انصاف ٹی ٹی پی کی بی ٹیم اور ٹی ٹی اے کی سی ٹیم ہے، سہیل آفریدی وزیراعلیٰ کم اور کالعدم جماعت کے کمانڈر زیادہ لگتے ہیں۔ عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ دہشتگردوں سے ہاتھ ملاتے ہیں ان کی سہولت کاری کرتے ہیں اور خود کو سیاسی لوگ کہتے ہیں، کیا یہ سیاسی لوگ ہیں؟ عطا تارڑ نے کہا خیبرپختونخوا حکومت دہشتگردوں کی سہولت کاری سے باز رہے۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اورپشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے رابطہ کیا ہے اور انہیں تجویز دی ہے کہ لانگ مارچ 27 ستمبر کو ہی پشاور سے شروع کیا جائے۔ذرائع کے مطابق محمود اچکزئی نے کہا کہ چاہے اسلام آباد کتنے عرصے میں بھی پہنچنا ہو، لانگ مارچ کا آغاز 27 ستمبر کو ہی پشاور سے ہونا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کو 27 ستمبر کی تاریخ سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈران کو بعض فیصلوں سے متعلق اعتماد میں لیا گیا ہے، جبکہ ملکی مجموعی صورتحال اور پارٹی کی مستقبل کی حکمت عملی پر بھی تفصیلی مشاورت ہوئی ہے۔ بیرسٹر گوہر کے مطابق لانگ مارچ کا اختیار بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو دیا ہے اور وہی لانگ مارچ کی قیادت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے حوالے سے پارٹی میں کوئی دو رائے نہیں ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر کی اپوزیشن لیڈرمحمود خان اچکزئی سے ملاقات ہوئی۔ ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر نے لانگ مارچ کے حوالے سے پی ٹی آئی کے مؤقف سے آگاہ کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی قیادت چاہتی ہے لانگ مارچ ملتوی ہو جس کا اعلان اپوزیشن لیڈر کریں۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے پاکستان تحریک انصاف والے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو سومنات کے مندر سے تشبیہ دے رہے ہیں لیکن یہ ان کی آخری کوشش ہوگی، اسکے بعد یہ لوگ اس طرح کا رخ نہیں کر سکیں گے۔ ادھر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ صوبے میں گورنر راج کے لیے مشاورت ہوئی ہے۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیس کو ٹائیگر فورس بنانا چاہتی ہے، آپ چاہتے ہیں کہ آئی جی، ڈی آئی جیز اور ڈی پی او کی تقرریاں یہ خود کریں، اس قسم کے ایکٹ کے خلاف ہم دیوار بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کیا لانگ مارچ ایسے ہوتے ہیں، پی ٹی آئی کے ایم این ایز اور ایم پی ایز اسلام آباد میں گپیں مار رہے ہیں، لانگ مارچ کے حوالے سے پی ٹی آئی کی کوئی تیاری نہیں ہے، تحریک انصاف کے لوگ اب راہ فرار اختیار کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کے لوگ خود گرفتاریاں دے رہے ہیں، مجھے لگتا ہےکہ پی ٹی آئی آج یا کل لانگ مارچ ختم کرنےکا اعلان کردے گی۔

اہم خبریں سے مزید