اسلام آباد (ماریانہ بابر) اسلام آباد میں کنٹینرز کی شدید رکاوٹوں کے باوجود، پیر کے روز شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے چیئرمین کی حیثیت سے پاکستان، تنظیم کے پہلے قومی رابطہ کاروں کا تین روزہ اجلاس کے لیے خیرمقدم کرے گا، جس میں پاکستان کی چیئرمین شپ کے تحت سرگرمیوں کے پروگرام اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ یہ اجلاس اگست 2027 میں اسلام آباد میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہانِ مملکت کی کونسل کے اجلاس کی تیاری میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔ جب ترجمان سے سوال کیا گیا کہ کیا غیر ملکی وفود کی آمد کے آغاز پر حکومت اسلام آباد کی صورتحال کے حوالے سے فکرمند ہے، تو ترجمان نے دی نیوز کو بتایا: ’’ایس سی او سے متعلق تقریب میں وفد کی شرکت کی منصوبہ بندی کئی مہینوں سے کی گئی تھی۔ پاکستان ایک کامیاب اجلاس کا منتظر ہے، جس کے بعد شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی کونسل کی پاکستانی چیئرمین شپ کے تحت پورے سال کی سرگرمیاں ہوں گی اور یہ تنظیم کے مقاصد کو آگے بڑھانے میں اپنا حصہ ڈالے گا۔