• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پانڈا ڈپلومیسی: چین نے 2 پانڈا امریکا کیوں بھیجے؟

—فوٹو بشکریہ اے پی
—فوٹو بشکریہ اے پی

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات کے بعد چین سے 2 پانڈا امریکا پہنچ گئے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ  کے مطابق چین سے امریکا پہنچنے والے یہ دونوں پانڈا آئندہ 10 برس تک امریکا کے شہر اٹلانٹا کے چڑیا گھر میں رہیں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پانڈا پنگ پنگ اور فو شوانگ کو چین کے شہر چینگڈو سے خصوصی بوئنگ 777 کارگو طیارے کے ذریعے امریکا منتقل کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق پانڈا ایکسپریس کہلانے والا خصوصی بوئنگ 777 کارگو طیارہ اتوار کی صبح اٹلانٹا کے ہارٹس فیلڈ جیکسن انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پانڈا پنگ پنگ اور فو شوانگ کی منتقلی چین اور امریکا کی حکومتوں کے درمیان ’پانڈا ڈپلومیسی‘ کے تحت عمل میں آئی ہے۔ 

واضح رہے کہ چینی صدر شی جن پنگ نے گزشتہ ہفتے واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے دوران پانڈا پنگ پنگ اور فو شوانگ کی امریکا آمد کا اعلان کیا تھا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں خیر سگالی کا اظہار تو کیا گیا تاہم دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اختلافات کے حل میں کوئی نمایاں پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

پانڈا ڈپلومیسی کیا ہے؟

چین کئی دہائیوں سے دوسرے ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات اور خیر سگالی کے اظہار کے لیے پانڈا کو استعمال کرتا رہا ہے، اس حکمتِ عملی کو ’پانڈا ڈپلومیسی‘ کہا جاتا ہے۔

اس پروگرام کے تحت چین مختلف ممالک کے چڑیا گھروں میں مقررہ مدت کے لیے پانڈا بھیجتا ہے۔

چینی صدر شی جن پنگ نے پانڈا پنگ پنگ اور فو شوانگ کی امریکا منتقلی کو چینی اور امریکی عوام کے درمیان دوستی کی ایک مثال قرار دیا ہے۔

پانڈا پنگ پنگ اور فو شوانگ کی عمر اور خصوصیات

پنگ پنگ اور فو شوانگ دونوں کی پیدائش 2020ء میں چین کے چینگڈو ریسرچ بیس آف جائنٹ پانڈا بریڈنگ میں ہوئی تھی۔

چینی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نر پانڈا پنگ پنگ کی آنکھوں کے گرد گہرے سیاہ حلقے ہیں، جب کہ مادہ پانڈا فو شوانگ کی پیشانی قدرے ابھری ہوئی ہے۔

اٹلانٹا کے چڑیا گھر میں اس سے قبل بھی تقریباً 25 سال تک چینی پانڈا موجود رہے لیکن 2024ء میں آخری پانڈا کی چین واپسی کے بعد وہاں کا چڑیا گھر پانڈا سے محروم ہو گیا تھا۔

خاص رپورٹ سے مزید