چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کا فیصلہ برقرار ہے۔
اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کا اہم کردار ہے، منزل مضبوط جمہوریت ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کئی تجاویز سامنے رکھی ہیں۔ صوبائی اختیار جمہوریت میں اہم ہے۔ آل پارٹیز کانفرنس پر کام جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو بانی پی ٹی آئی کا اعتماد حاصل ہے، سہیل آفریدی ہی وزیراعلیٰ رہیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مشترکہ اپوزیشن کی جانب سے دعوت دی گئی ہے۔ سیاسی اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن جمہوریت کے لیے متحد ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے آل پارٹیز کانفرنس کی تجویز دی، پارٹی چیئرمین سے بات کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
اس دوران اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ بحران میں سیاسی جماعتیں مل بیٹھتی ہیں۔ مشکل وقت ہے، اتحاد کی ضرورت ہے۔ ناامیدی ختم کرنا ضروری ہے۔