وزیراعظم کی لندن میں عالمی مالیاتی اداروں کے سینئر ایگزیکٹوز سے ملاقاتیں ہوئی ہیں جن میں پاکستان کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے اور معاشی استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران سرمایہ کاری کے سازگار ماحول اور عالمی مالیاتی شعبے کے ساتھ تعاون کے فروغ پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم سے بارکلیز کے ہیڈ آف پرائیویٹ بینک اینڈ ویلتھ مینجمنٹ یو کے محمد کمال سید نے ملاقات کی، اس دوران وزیراعظم نے حکومت کی جانب سے معاشی استحکام کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے بار کلیز کو پاکستان کے مالیاتی شعبے اور کاروباری مواقع میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
وزیراعظم سے جے پی مورگن کے شریک چیف ایگزیکٹو میتھیو ولٹز کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں سرمایہ مارکیٹس، تجارتی فنانسنگ اور انویسٹمنٹ بینکنگ کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم نے جے پی مورگن کو پاکستان میں اپنی سرگرمیوں اور موجودگی کو مزید وسعت دینے کی دعوت دی۔
اعلامیہ کے مطابق وفد نے پاکستان کے خودمختار قرضہ جات کی کیپٹل مارکیٹس اور کارپوریٹ بینکنگ کے شعبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
ان ملاقاتوں میں عالمی مالیاتی اداروں کے اعلیٰ حکام نے پاکستان کے معاشی اصلاحاتی عمل میں پیش رفت پر اعتماد کا اظہار کیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے مالیاتی شعبے کے ساتھ تعاون اور روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔