کراچی میں ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی ( ڈی ایچ اے) کو یومیہ 1 کروڑ گیلن پانی پہنچنے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔
ڈی ایچ اے فیز 7 میں فلٹریشن پلانٹ پر 10 ایم جی ڈی واٹر سپلائی منصوبے کی تقریب ہوئی، سندھ حکومت، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور ایف ڈبلیو او مل کر منصوبے کو عملی شکل دیں گے۔
منصوبے کے تحت ڈملوٹی سے پانی پمپنگ کے ذریعے 800 ملی میٹر ایچ ڈی پی ای مین ٹرانسمیشن لائن تک پہنچایا جائے گا، جہاں سے فلٹریشن اور ٹریٹمنٹ کے بعد پانی ڈی ایچ اے ریزروائر منتقل ہوگا۔
تقریب سے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے خطاب کیا اور کہا کہ کوشش ہے 12 مہینے میں منصوبہ مکمل کریں، پانی کی فراہمی کے ساتھ کراچی میں سیوریج ٹریٹمنٹ اور ری سائیکلنگ پر بھی کام جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سائٹ انڈسٹریل ایریا میں 35 ایم جی ڈی سیوریج ٹریٹمنٹ شروع ہوچکا ہے جس کی صلاحیت 100 ایم جی ڈی تک بڑھائی جائے گی، ٹریٹ شدہ پانی صنعتی استعمال میں لاکر میٹھے پانی کو گھریلو ضروریات کے لیے محفوظ بنایا جائے گا۔
میئر کراچی نے یہ بھی کہا کہ منصوبے کے لیے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کو 14 ارب روپے دیے گئے، ڈی ایچ اے کے رہائشیوں کو پائپ لائن کے ذریعے پانی فراہم کرنا بنیادی مقصد ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سی بی سی نے منصوبے پر مثبت کردار ادا کیا، سیوریج کا پانی سمندر میں جانے سے صنعتوں اور پورٹ سروسز کو مشکلات کا سامنا تھا، سمندری ماحول بھی سیوریج کے اخراج سے متاثر ہو رہا تھا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی پاکستان کا پہلا شہر بن گیا جہاں سیوریج ٹریٹمنٹ پر عملی کام ہو رہا ہے، گٹر باغیچہ سائٹ انڈسٹریل ایریا میں 35 ملین گیلن یومیہ ٹریٹمنٹ فیسلٹی نصب کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ سائٹ انڈسٹریل ایریا میں روزانہ 35 ملین گیلن سیوریج ٹریٹمنٹ شروع ہو چکا ہے، جس کی صلاحیت 100 ایم جی ڈی تک بڑھائی جائے گی۔
میئر کراچی نے کہا کہ خیابان اتحاد پر انڈر پاس یا فلائی اوور بنایا جائے گا، خلیق الزمان روڈ پر بھی فلائی اوور بنایا جارہا ہے، مچھر کالونی میں بھی نیا آر او پلانٹ لگائیں گے۔
اس موقع پر ایف ڈبلیو او کے کرنل ارشد نے کہا کہ ’ڈملوٹی سے ڈی ایچ اے واٹر سپلائی منصوبے میں 10 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی کی گنجائش ہوگی، پانی کی نئی لائن سے ڈی ایچ اے میں ٹینکرز پر انحصار کم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔