کراچی( مطلوب حسین ) وفاقی تحقیقاتی ادارہ (یف آئی اے )اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے مبینہ طور پر ہنڈی حوالہ کے خلاف دو مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 1 کروڑ 75 لاکھ روپے برآمد کر لئے جبکہ کارروائیوں میں 6مشتبہ افراد بھی کو حراست میں لے لیا۔ ترجمان ایف آئی اے کراچی کے مطابق پہلی کارروائی فالک کارپوریٹ ٹاور، آئی آئی چندریگر روڈ کراچی میں خفیہ اطلاع پر کی گئی۔ کارروائی کے دوران یاسین نامی شخص کو مبینہ طور پر ہنڈی حوالہ کی رقوم وصول اور منتقل کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔ اس کے موبائل فون سے ہنڈی حوالہ سے متعلق اہم شواہد برآمد ہوئے۔ یاسین کی نشاندہی پر Sealine Services Pvt. Ltd.، آفس نمبر 501، فالک کارپوریٹ ٹاور میں کارروائی کی گئی، جہاں سے ہنڈی حوالہ سے متعلق اہم شواہد، موبائل فونز اور 1 کروڑ 5 لاکھ روپے برآمد ہوئے۔ کارروائی کے دوران ملک عبد الاسلام، مہدی اور دلاور سمیت 3 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ دوسری کارروائی جمشید کوارٹرز، حیدری کالونی کراچی میں کی گئی، کارروائی کے دوران مبینہ ہنڈی حوالہ آپریٹرز محمد سلمان اور رفیق احمد کو ہنڈی حوالہ رقوم وصول کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔ کارروائی کے دوران 70 لاکھ روپے نقد اور 2 موبائل فونز برآمد کیے گئے، جن میں مبینہ طور پر ہنڈی حوالہ سے متعلق اہم مواد موجود تھا۔ تمام برآمد شدہ رقم اور شواہد کو قانونی طریقہ کار کے مطابق تحویل میں لے لیا گیا۔