• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسمارٹ فونز اور ڈیوائسز کا زیادہ استعمال بچوں پر منفی اثرات مرتب کر رہا ہے، نئی تحقیق

معروف طبی جریدے ’جاما پیڈیاٹرکس‘ میں شائع ہونے والی ایک عالمی تحقیق نے بچوں کے اسکرین ٹائم اور ان کی مجموعی نشوونما کے درمیان منفی تعلق کو ظاہر کیا ہے۔

اس عالمی سطح کے ڈیٹا کے مطابق کینیڈا کی یونیورسٹی آف کیلگری کے محققین نے 64 ممالک کے 18 سال سے کم عمر کے تقریباً 30 لاکھ بچوں پر دہائیوں پر محیط تحقیقات کا جائزہ لیا۔

تحقیق کے مطابق اسکرین کے زیادہ استعمال سے بچوں کے سیکھنے کی صلاحیت، بولنے کے انداز، طرزِ عمل اور جذبات پر قابو پانے کے نظام میں سستی اور کمزوری دیکھی گئی۔ 

محققین کے مطابق جدید ڈیوائسز سے خطرہ بڑھ گیا ہے۔ ماضی کے مقابلے میں آج کے اسمارٹ فونز اور ڈیوائسز زیادہ انٹرایکٹیو اور لت پیدا کرنے والے گیجٹس ہیں، جس کی وجہ سے بچوں کی ذہنی صحت پر ان کا اثر پہلے سے زیادہ گہرا ہو رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیوائسز مکمل بند کرنے کے بجائے خاندانوں کو ’سکرین فری‘ اوقات (مثلاً رات کے کھانے کے وقت یا سونے سے پہلے) کا تعین کرنا چاہیے تاکہ بچے کھیل کود، ورزش اور نیند کو پورا کر سکیں۔

طبی ماہرین نے زور دیا کہ حکومتوں کو چاہیے کہ وہ اسکرین کے استعمال سے متعلق رہنما اصول جاری کریں اور بچوں کو آن لائن خطرات سے محفوظ رکھیں۔

صحت سے مزید