• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کامیڈین جم کیری نے اپنی گرل فرینڈ من آہ سے شادی کرلی

جم کیری اپنی گرل فرینڈ من آہ، بیٹی جین اور نواسےکے ساتھ فرانس میں منعقدہ سیزر ایوارڈ کی تقریب کے موقع پر(تصویر سوشل میڈیا)۔
جم کیری اپنی گرل فرینڈ من آہ، بیٹی جین اور نواسےکے ساتھ فرانس میں منعقدہ سیزر ایوارڈ کی تقریب کے موقع پر(تصویر سوشل میڈیا)۔

کینیڈین و امریکی اداکار جیمز یوجین کیر المعروف جم کیری نے اپنی دیرینہ گرل فرینڈ من آہ سے شادی کرلی۔ اس حوالے سے 64 سالہ کامیڈین کے نمائندے نے گزشتہ روز ان کی شادی کی تصدیق کی۔

دونوں نے اپنے تعلق کو زیادہ تر میڈیا کی نظروں سے دور رکھا ہے، اسی لیے عوامی مقامات پر ان کی ایک ساتھ موجودگی بھی شاذ و نادر ہی نظر آئی۔ ان کی شادی فرانس میں ہونے والی سیزر ایوارڈ میں ایک ساتھ نظر آنے کے تقریباً 7 ماہ بعد ہوئی ہے۔

اپنے عہد کے سب سے معروف کامیڈین نے مذکورہ بالا تقریب کے موقع پر اپنی بیٹی جین اور نواسے جیکسن سمیت اپنے خاندان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا میری بیٹی، نواسے اور من آہ تینوں کو حاضرین کی جانب سے بھرپور داد ملی۔

رپورٹس کے مطابق جم اور من آہ گزشتہ چند سال سے ایک ساتھ ہیں۔ فروری 2022 میں دونوں کی تصاویر شائع ہوئی تھیں، جن میں وہ لاس اینجلس میں منعقدہ ایک فلاحی کامیڈی شو سے ایک ساتھ نکلتے ہوئے نظر آئے تھے۔

جہاں تک جم کیری کی نجی زندگی کا تعلق ہے تو انھو نے اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں عموماً خاموشی اختیار کی ہے۔ اپریل 2022 میں فلم سونک دی ہیڈہوگ 2 کی تشہیر کے دوران انہوں نے اداکاری سے کنارہ کشی اور نسبتاً پرسکون زندگی گزارنے کے امکان پر گفتگو کی تھی۔

من آہ سے پہلے وہ اداکارہ گنگر گونزاگا کے ساتھ ریلیشن شپ میں تھے۔ اس سے قبل وہ اداکارہ لارین ہولی سے بھی شادی کر چکے ہیں۔ دونوں نے 1996 میں شادی کی، لیکن اگلے ہی سال ان کی طلاق ہوگئی۔ جم کیری کی پہلی شادی میلیسا وومر سے ہوئی تھی، جن سے ان کی ایک بیٹی جین ہے۔ دونوں کی 1987 سے 1995 تک شادی قائم رہی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید